ایران نے ثابت کر دیا کہ عالمی سامراج کو شکست دی جا سکتی ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
علامہ حسن ظفر نقوی
شیعیت نیوز : پاکستان کے معروف عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کی راہ میں واحد اور سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عالمی سامراج سے نہ صرف لڑا جا سکتا ہے بلکہ اسے عبرتناک شکست بھی دی جا سکتی ہے، لہٰذا اب عالم اسلام کو مل کر موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے واضح کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے "گریٹر اسرائیل” کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اب یہ حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے کہ خلیجِ فارس کے ممالک میں موجود امریکی اڈے خطے کے دفاع کے لیے نہیں، بلکہ صرف اور صرف غاصب اسرائیل کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں، اور جب تک یہ اڈے موجود ہیں خطے میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے جوہری پروگرام پر خاموشی اور پرامن ممالک پر دباؤ عالمی دوہرا معیار ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
انہوں نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل مسلسل غزہ اور لبنان پر بمباری کر رہا ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مسلمان حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ سوائے اللہ کے کوئی سپر طاقت نہیں اور امریکہ کا غرور خاک میں مل چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اکیلا ایران امریکہ اور غاصب اسرائیل کی ناک رگڑ سکتا ہے تو اگر تمام اسلامی ممالک متحد ہو جائیں تو بیت المقدس کی آزادی سالوں کی نہیں بلکہ محض دنوں کی بات ہے، کیونکہ فلسطین کے بے کس مسلمان حسرت و یاس سے عالم اسلام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔







