نیتن یاہو کا دورہ امریکہ ناکام، ٹرمپ اور ایلون مسک سے ملاقاتیں منسوخ، سکیورٹی خدشات پر قیام مختصر

25 ستمبر, 2026 06:56

شیعیت نیوز : امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے دورہ نیویارک کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی کوشش کی جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی۔ رپورٹ کے مطابق، نیتن یاہو اور ان کے قریبی حلقوں کو امید تھی کہ ٹرمپ انتخابی مہم میں ان کی حمایت کریں گے، لیکن دونوں رہنماؤں کے درمیان خراب تعلقات کے باعث اب یہ امکان ختم ہو چکا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے کہ نیتن یاہو کا نام ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے عالمی رہنماؤں کی فہرست میں سرے سے شامل ہی نہیں ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس اور سکیورٹی خدشات کے باعث نیتن یاہو کا دورہ امریکہ انتہائی مختصر کر دیا گیا ہے اور وہ نیویارک میں رات نہیں گزاریں گے۔ اخبار ‘معاریو’ کے مطابق ان کا قیام صرف 6 گھنٹے پر محیط ہوگا اور غزہ جنگ کے مخالفین کی جانب سے متوقع احتجاج و سکیورٹی واقعات کے پیشِ نظر کوئی اسرائیلی صحافی ان کے ساتھ سفر نہیں کرے گا۔ ان کی سیاسی ملاقاتوں کا شیڈول ماضی کے دوروں کے مقابلے میں انتہائی محدود کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی جارحیت میں یورپی اڈوں کا استعمال، نائب ایرانی وزیر خارجہ کا نیٹو سیکریٹری جنرل کے بیان پر ردعمل

دوسری جانب اخبار ‘یدیعوت آحارونوت’ نے لکھا ہے کہ دنیا اب نیتن یاہو کی بات نہیں سننا چاہتی، اس لیے وہ اقوام متحدہ میں محض اسرائیلیوں سے خطاب کریں گے، جہاں اسرائیل کی جابرانہ پالیسیوں کے باعث شدید کشیدہ ماحول اور مختلف ممالک کے وفود کے واک آؤٹ کا قوی امکان ہے۔ ان کی سفارتی تنہائی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیکساس میں مشہور امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کے ساتھ ان کی طے شدہ ملاقات بھی آخری لمحات میں منسوخ کر دی گئی ہے، حالانکہ اس کے لیے ایک اسرائیلی ٹیم پہلے ہی وہاں پہنچ چکی تھی۔

7:37 صبح ستمبر 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔