کوہاٹ دھماکے کے پیچھے امریکا، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، حافظ کاظم عباس
حافظ کاظم عباس
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر حافظ کاظم عباس نے وحدت ہاؤس میں ڈویژنل کابینہ کے ہنگامی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے امریکا، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، اور کالعدم تنظیمیں ان ہی کے ایماء پر ملک بھر میں سنی اور شیعہ مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکمران خوابِ غفلت کے مزے لے رہے ہیں جبکہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو دوبارہ پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ حافظ کاظم عباس نے کہا کہ یہ مسلکی نہیں بلکہ مسلم پاکستان ہے، شیعہ سنی نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور مل کر اسے بچائیں گے۔ دہشت گرد عناصر اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، لہٰذا آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کے خلاف بے رحم آپریشن کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم ٹی ٹی پی نے کوہاٹ پولیس لائن مسجد دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی
وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی اور اسرائیلی آلہ کار کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی کے بغیر ملک میں امن کبھی قائم نہیں ہو سکتا۔ سانحہ کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں ملوث دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ملک بھر میں ان تنظیموں پر پابندی عائد کر کے ان کے دفاتر بند اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جائے۔
حافظ کاظم عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین دکھ کی اس گھڑی میں شہداء اور زخمیوں کے خانوادوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے لواحقین کی داد رسی کی جائے اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔







