سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اچکزئی اپوزیشن لیڈر رہیں گے، عمران خان
شیعیت نیوز : پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کے مطابق سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سینیٹ میں اور محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں بدستور اپوزیشن لیڈر رہیں گے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد اس مؤقف کی تصدیق کی اور کہا کہ عمران خان کو پارٹی کے اندرونی معاملات کی مکمل آگاہی ہے، اس لیے دونوں رہنماؤں کی تبدیلی سے متعلق باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر راج اور ایمرجنسی فوری ختم کی جائے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بدھ کو عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھیجا کہ انہیں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود خان اچکزئی پر پورا اعتماد ہے اور دونوں اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ شوق سے اپوزیشن لیڈر نہیں بنے، اور اگر یہ ذمہ داری واپس لے لی جائے تو وہ شکرانے کے نفل ادا کریں گے۔ وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ ہیں۔







