امت مسلمہ اختلافات بھلا کر فلسطین کی عملی مدد کرے، علامہ شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں 18 ستمبر 2026ء کو خطبہ جمعہ دیتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے نعمتوں کے شکر اور تقویٰ کو کامیابی کا راستہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر نعمت کو اللہ کی عطا سمجھ کر اس پر شکر ادا کیا جائے، اسے گناہوں میں استعمال نہ کیا جائے اور دوسروں تک پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدقہ صرف مال خرچ کرنا نہیں بلکہ کسی پریشان حال کی بات سننا اور ہمدردی کرنا بھی صدقہ ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں میں بھی نعمتِ الٰہی کا احساس اور شکر گزاری پیدا کریں۔
خطبے کے دوسرے حصے میں عالمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ باہمی اختلافات بھلا کر مظلوم فلسطینیوں کی عملی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی رجیم، یمن، مصر اور ترکی سمیت تمام اسلامی ممالک کو تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کو نقصان پہنچانے والی سازشوں سے ہوشیار رہا جائے کیونکہ فاصلے پیدا کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکہ، 16 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی
سندھ اور بالخصوص کراچی کی مقامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سڑکوں کی بیک وقت تعمیر سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل اور حادثات کی طرف توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں متبادل ٹریفک نظام اور شہری علاقوں میں صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عوام بیماریوں سے بچ سکیں۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے مہنگائی کے حوالے سے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صرف اعلانات کے بجائے حکومتی اخراجات کم کر کے عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔
حج رجسٹریشن میں پیش آنے والے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے خطیب جمعہ نے واضح کیا کہ مختلف مکاتبِ فکر کے مناسکِ حج میں فقہی اختلافات موجود ہیں، اس لیے رجسٹریشن کے نظام میں ایسے انتظامات ضروری ہیں کہ عازمین کو ان کے متعلقہ گروپ میں رہنمائی مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے ان مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے اور متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے میں تعاون کریں تاکہ زائرین کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔







