کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکہ، 16 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

18 ستمبر, 2026 19:28

شیعیت نیوز : پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب واقع ایک مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے زوردار دھماکے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ شہداء میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی کو پولیس لائنز کے قریب لایا گیا، جس سے یہ زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کے بیرونی حصے اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ امدادی ٹیموں نے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امر بالمعروف و نہی عن المنکر سے دوری معاشرے کا سب سے بڑا گناہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد کم از کم دو مسلح حملہ آوروں نے پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے بعد اہلکاروں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ مقامی حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں کے دوران دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز ضلع ہنگو میں بم حملے میں 6 اہلکار شہید ہوئے تھے، جس کے بعد فورسز کی کلیئرنس کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی۔

8:57 شام ستمبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔