امر بالمعروف و نہی عن المنکر سے دوری معاشرے کا سب سے بڑا گناہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

18 ستمبر, 2026 19:26

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا گناہ دوسروں کو گناہ سے نہ روکنا ہے۔ ہم امر بالمعروف اور نہی عن المنکر بجا نہیں لاتے اور یہ موقف اختیار کر لیتے ہیں کہ ہر کسی کو اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کا حق ہے؛ یہ رویہ درحقیقت بدترین عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کے بارے میں حسنِ ظن رکھنا ایک اچھی صفت ہے لیکن بدقسمتی سے یہ ہماری سرشت کا حصہ نہیں رہا، جبکہ غیبت ہمارے معاشرے میں ایک رائج گناہ بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ماتحت افراد سے محبت، شفقت اور عزت سے پیش آئیں، تاکہ اگر کل آپ کو کسی کے ماتحت کام کرنا پڑے تو آپ کے ساتھ بھی حسنِ سلوک کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی رجیم امریکہ کی حمایت اور اسرائیل کی نگرانی میں یمن پر جارحیت کر رہی ہے، سید عبدالملک الحوثی

آیت اللہ ریاض نجفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں 114 مرتبہ اپنے نام کے ساتھ ‘رحمٰن’ اور ‘رحیم’ کا ذکر کیا ہے، ہمیں بھی ان صفات کو اپنی زندگیوں میں لاگو کرنا چاہیے۔ رئیس وفاق المدارس نے زور دیا کہ قرآن مجید کی تعلیم حاصل کر کے اس سے زندگی بسر کرنے کا طریقہ سیکھیں۔ قرآن کی تعلیمات موسمِ بہار کی مانند ہیں جو انسان کی زندگی میں بہار لاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے درمیان صلح کرانا عام افراد کی نفلی نماز اور روزے سے بہتر ہے۔

انہوں نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے فرمودات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عقلمند وہ ہے جس کا آج اس کے گزشتہ کل سے بہتر ہو، اور جس کا آج کل سے بہتر نہیں وہ شخص قابلِ نفرت ہے۔ خدا کے نزدیک سب سے بدترین چیز ظلم ہے، چاہے وہ ماتحت پر ہو، کسی اور کے ساتھ ہو یا اپنی ذات پر ہو۔ مولا علی (ع) نے اپنے فرزندوں کو وصیت کی تھی کہ ظالم کوئی بھی ہو اس سے نفرت کرو اور مظلوم کی بلاتفریق مدد کرو، کیونکہ مظلوم کے انصاف کا دن ظالم کے ظلم کے دن سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

8:57 شام ستمبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔