جتنی جلدی امریکہ خطے سے نکل جائے اس کے لیے بہتر ہے، ایرانی نائب اسپیکر
علی نیکزاد
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر علی نیکزاد نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن اپنی رہی سہی ساکھ برباد ہونے سے قبل جلد از جلد خطے سے نکل جائے۔ انہوں نے صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک میں ایک شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملے کو ‘تکنیکی غلطی’ ماننے سے یکسر انکار کرتے ہوئے اسے صریح جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ مواصلاتی ٹاور اور تقریب کے مقام کے درمیان فاصلہ امریکی دعووں کی قلعی کھول دیتا ہے۔
مزید پڑھیں : سرینگر میں مکتبِ زہراء کی طالبات میں المصطفیٰ یونیورسٹی کی اسناد تقسیم
پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی نیکزاد نے امریکی عسکری ٹیکنالوجی کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ اگر اسے واقعی تکنیکی غلطی تسلیم کر لیا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ امریکہ کا کاغذی عقاب حقیقت میں صرف ایک کوّا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مکمل حکمت عملی کے تحت جنگ لڑ رہا ہے اور امریکی بحری جہازوں اور کمانڈ سینٹرز پر ہونے والے حالیہ تباہ کن حملے ایرانی مسلح افواج کی مجموعی صلاحیت کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہیں۔
انہوں نے امریکی خفگی اور ناکامیوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ خطے میں امریکی کمانڈ مراکز کے نشانہ بننے کے بعد امریکی اہلکار اپنے اڈے چھوڑ کر ہوٹلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مزید برآں، مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے امریکی فوجیوں میں شدید ذہنی دباؤ اور خودکشی کے رجحانات بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث امریکی بحری جہازوں کو تھائی لینڈ کے ساحلوں پر لنگر انداز ہونا پڑا ہے۔







