شہداء نے اپنے خون سے دین اسلام کو سربلند کیا، علامہ مقصود علی ڈومکی

22 اکتوبر, 2026 06:23

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہداء نے اپنے مقدس خون سے دین اسلام، مکتب اہل بیتؑ اور وطن عزیز پاکستان کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے، اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور نئی نسل تک ان کا پیغام پہنچانا ہماری دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہدائے جیکب آباد کی برسی 23 اکتوبر کو منائی جائے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے وادی زہراء سلام اللہ علیہا رانی پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وادی زہراء کے متولی غلام حسین جعفری، مدرسہ جامعۃ المرتضیٰ رانی پور کے پرنسپل علامہ لیاقت علی قمی، راہب علی سولنگی، منظور حسین بھیلار اور دیگر مومنین و منتظمین سے ملاقات کی اور انہیں 23 اکتوبر بروز جمعہ جیکب آباد میں منعقد ہونے والی برسی شہدائے سانحہ شب عاشور اور عظمت شہداء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین سندھ کے دل رانی پور میں عشق اہل بیتؑ سے سرشار وادی زہراء کا قیام اہل سندھ کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جہاں ہر سال ملک بھر سے لاکھوں عاشقان اہل بیتؑ حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام سے اپنی عقیدت کا اظہار کرنے آتے ہیں۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ شہدائے ملت جعفریہ اور شہدائے پاک وطن کی یاد کو زندہ رکھنا درحقیقت ان کے مشن اور جذبۂ ایثار و قربانی کو زندہ رکھنا ہے، اور برسی و عظمت شہداء کانفرنس کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور معاشرے میں اتحاد، اخوت، امن اور استقامت کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے علماء، ذاکرین اور مومنین سے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

بعد ازاں وادی زہراء میں مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے زیر اہتمام خواہران سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ خواتین سیرت حضرت فاطمہ زہراء اور سیرت حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کو اپنا کر دنیا و آخرت کی سعادت حاصل کر سکتی ہیں۔

7:13 صبح اکتوبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔