پشاور میں مظلوموں کی حمایت اور مزاحمت پر صوبائی انٹر اسکول تقریری مقابلہ
شیعیت نیوز : پاک جرمن ماڈل اسکول پشاور کے زیر اہتمام خانہ فرہنگ ایران پشاور میں دنیا بھر کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کے موضوع پر صوبائی انٹر اسکول تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبر پختونخوا کے متعدد اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی قونصلیٹ کراچی کے وفد کا امام بارگاہ نورِ ایمان کا دورہ، علماء و عوام کا ایران سے اظہارِ یکجہتی
تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل حسن معظمی، خانہ فرہنگ ایران پشاور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین چاقمی، خیبر پختونخوا کے سابق گورنر بیرسٹر مسعود کوثر، سابق رکن صوبائی اسمبلی سید ایوب شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سید طاہر عباس شاہ اور ماہر تعلیم خواجہ یاور نصیر سمیت سیاسی، علمی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
مختلف مکاتب فکر کے علماء کی شرکت تقریب کی نمایاں خصوصیت تھی، جن میں جامعہ شہید عارف حسینی پشاور کے مدرس علامہ عابد حسین شاکری، مولانا مقصود احمد سلفی، تحریک بیداری امت مصطفیٰ پشاور کے صدر ڈاکٹر ذیشان حیدر اور جامعہ عائشہ پشاور کے مہتمم جمیل منصوری شامل تھے۔ منتظمین کے مطابق مقابلے کا مقصد نئی نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنا، فن خطابت کو فروغ دینا اور طلبہ میں انسانی، اسلامی اور بین الاقوامی امور سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
پہلے مرحلے میں 29 اسکولوں کے 48 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 18 اسکولوں کے 32 طلبہ کو دوسرے مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا اور 10 طلبہ فائنل راؤنڈ تک پہنچے۔ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات دیے گئے، جبکہ فائنل میں پہنچنے والے دیگر سات طلبہ کو بھی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات پیش کیے گئے۔







