امریکی تزویراتی تیل ذخائر 1982 کے بعد کم ترین سطح پر، امریکی محکمہ توانائی
امریکی تزویراتی تیل ذخائر
شیعیت نیوز : امریکی محکمہ توانائی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کے تزویراتی پٹرولیم ذخائر میں خام تیل کی مقدار گزشتہ ہفتے کم ہو کر 282.7 ملین بیرل رہ گئی، جو اکتوبر 1982 کے بعد کم ترین سطح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے اثرات، ٹرمپ کی مقبولیت ریکارڈ کم ترین سطح پر، امریکی سروے
رپورٹ کے مطابق ذخائر میں یہ کمی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حکم کے تحت ہوئی جس میں ان ذخائر سے 172 ملین بیرل تیل جاری کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ یہ اقدام آبنائے ہرمز کی بندش اور اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کا قومی قرض 19 اگست کو 40 ہزار ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح عبور کرنے کے بعد صرف دو ماہ میں تقریباً 400 ارب ڈالر بڑھ کر 40 ہزار 400 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ امریکی ماہرین کے اندازوں کے مطابق آئندہ دہائی میں یہ قرض ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 120 فیصد تک پہنچ جائے گا، جبکہ واشنگٹن ہر سال قرض پر سود کی مد میں تقریباً 970 ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے، جو اس کے دفاعی اخراجات سے بھی زیادہ ہے۔
ادھر عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ ہنگامی ذخائر کا اس حد تک خالی ہونا ظاہر کرتا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول نے امریکی معیشت کو کس قدر دباؤ میں ڈال دیا ہے، اور واشنگٹن جنگ کے معاشی بوجھ کو سنبھالنے کے لیے اپنے آخری سہارے استعمال کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔







