مٹی کھا لیں گے، اپنی سرزمین نہیں دیں گے، ایرانی صدر
ڈاکٹر مسعود پزشکیان
شیعیت نیوز : ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے دشمن کی ہرزہ سرائی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مٹی کھا لیں گے، لیکن اپنی سرزمین کسی کو نہیں دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ 7 شرائط پوری کیے بغیر اعتماد حاصل نہیں کر سکتا، محمد باقر قالیباف کی پاکستانی آرمی چیف سے گفتگو
صدر پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ایران کے قومی ہیرو ستار خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ایسے مقصد کے لیے جدوجہد کی جسے وہ ایران کے شایان شان سمجھتے تھے، یعنی آزادی، قانون اور قوم کی سربلندی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایسے فرزندوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنی اقدار کو صرف زبان سے نہیں بلکہ ثابت قدمی اور استقامت سے معنی بخشے۔
اس سے قبل منگل کی شام پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ امریکہ اگر واقعی مذاکرات اور معاہدہ چاہتا ہے تو اسے پہلے ایران کے خلاف دھمکیاں اور پابندیاں ختم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے مذاکرات کے دوران ہی ایران پر حملہ کیا اور شہید رہبر انقلاب اسلامی، سائنس دانوں اور بے گناہ طلبہ کو نشانہ بنایا، جبکہ خطے میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کی بنیادی وجہ امریکہ کی جنگ طلبانہ پالیسیاں ہیں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکی ذرائع ابلاغ میں حملوں کی دھمکیوں کے ذریعے ایرانی عوام کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ایرانی قوم شہادت سے نہیں ڈرتی۔ انہوں نے پاکستان سمیت مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکہ کو سمجھائیں کہ مسلمانوں کے ساتھ ایسا رویہ نہیں اپنایا جا سکتا، اور کہا کہ ہم کسی پر زور زبردستی نہیں کرنا چاہتے، لیکن خود بھی جبر کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مذاکرات کا مطلب کمزوری یا امریکہ کے سامنے جھکنا نہیں، کیونکہ ایرانی قوم بارہا اپنی عزت، اقتدار اور طاقت دنیا کے سامنے ثابت کر چکی ہے۔







