جنگ کا راستہ چنا تو امریکہ کو بڑی اسٹریٹجک شکست ہوگی، ایرانی وزیر خارجہ

22 اکتوبر, 2026 06:20

شیعیت نیوز : ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کو تہران کے ساتھ ایک منصفانہ اور باوقار معاہدے یا اس سے بھی بڑی اسٹریٹجک شکست میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، اور اگر واشنگٹن نے دوبارہ سفارت کاری کے بجائے فوجی کارروائی کا راستہ چنا تو اس کا نتیجہ ماضی سے کہیں بڑی شکست کی صورت میں نکلے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کسی صورت سرنڈر نہیں کرے گا، ایرانی وزیر خارجہ

ایک برطانوی اخبار میں شائع اپنے مضمون میں عراقچی نے لکھا کہ ایران ایک قدیم اور غیور تہذیب ہے جو کبھی کسی طاقت کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے فروری کے آخر میں ایران کے خلاف امریکی اسرائیلی جارحیت ایران کی استقامت کے بارے میں بنیادی طور پر غلط اندازوں کی بنیاد پر شروع کی، اور شاید انہیں اب بھی یہ غلط بتایا جا رہا ہے کہ ہماری مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے تیار نہیں، حالانکہ تمام شواہد اس کے برعکس ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کی نڈر افواج نے 2025 سے اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت سے قیمتی سبق حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے مذاکرات کے دوران کیے گئے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکی انتظامیہ کی امن کی خواہش کے اخلاص پر کوئی اعتماد نہیں، تاہم ایران سفارت کاری کو ایک اور موقع دینے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ امریکہ اعتماد سازی اور منصفانہ حل کے لیے مخلصانہ آمادگی کے ٹھوس شواہد پیش کرے۔

عراقچی نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے تحت امریکہ سے کوئی ایسا اقدام متوقع نہیں جس پر وہ پہلے اتفاق نہ کر چکا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے نگہبان کے طور پر اپنے تاریخی کردار کو نبھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو ایرانی مسلح افواج کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان اور امریکی فوجی سازوسامان کی تباہی کو امریکی مفادات پر جنگ کے اثرات کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ وائٹ ہاؤس عام امریکیوں پر بڑھتے ہوئے مہنگائی کے بوجھ کو تسلیم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ عراقچی کے مطابق تقریباً آٹھ ماہ کی جنگ کے بعد بھی امریکہ اپنے اعلان کردہ اہداف حاصل نہیں کر سکا۔

7:13 صبح اکتوبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔