سرینگر میں مکتبِ زہراء کی طالبات میں المصطفیٰ یونیورسٹی کی اسناد تقسیم
سرینگر
شیعیت نیوز : المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران کی جانب سے مکتبِ زہراء (س) حسن آباد ریناواری سرینگر کی طالبات کے لیے جاری کردہ اسناد ایک خصوصی تقریب میں تقسیم کر دی گئیں۔ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام آغا سید حسن الموسوی نے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو یہ اسناد پیش کیں اور ان کی محنت و لگن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
مزید پڑھیں : کابل میں حوزہ علمیہ خاتم النبیین پر خبیث طالبان رجیم کا وحشیانہ دھاوا اور مظاہرین پر کریک ڈاؤن
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن الموسوی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ حصولِ علم کا سفر اسی عزم کے ساتھ جاری رکھیں اور دینی تعلیم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق اور معاشرتی ذمہ داریوں کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ اس موقع پر انجمنِ شرعی شیعیان کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے بھی طالبات کے علمی ذوق کو سراہتے ہوئے انہیں دستیاب علمی مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔
مقررین نے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اقدام کو طالبات کے لیے محرک قرار دیا اور مکتبِ زہراء کے منتظمین و اساتذہ کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، جو طالبات کی اسلامی و اخلاقی خطوط پر بہترین کردار سازی کر رہے ہیں۔







