ایرانی پارلیمنٹ نے 237 ووٹوں سے مہرداد اخلاقی کو نیا وزیر دفاع منتخب کر لیا
مہرداد اخلاقی
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ (مجلس شورای اسلامی) نے اتوار کے روز مہرداد اخلاقی کتابچی کو ملک کا نیا وزیر دفاع و پشتیبانی مسلح افواج منتخب کر لیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں موجود 277 اراکین میں سے 237 نے ان کے حق میں اور 15 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ کوئی رکن غیر جانبدار نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں : ہماری میزائل طاقت نے مساوات بدل دی، اب امریکہ کو ‘جی جناب’ کہنا ہوگا، ایرانی وزیر دفاع
مہرداد اخلاقی کتابچی میجر جنرل عزیز نصیرزادہ کے جانشین ہوں گے، جو امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 15ویں وزیر دفاع ہیں، جبکہ شہید وزیر دفاع کے بعد سے ماجد ابن الرضا قائم مقام وزیر دفاع کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
اسپیکر محمد باقر قالیباف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے آغاز میں قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی اور صنعت و معدنیات کمیٹی کی رپورٹیں پڑھی گئیں، جس کے بعد حامی اور مخالف اراکین نے اظہار خیال کیا اور نامزد وزیر نے اپنے پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے اپنی ترجیحات بیان کیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اجلاس سے خطاب میں نامزد وزیر کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت دفاع میں ان کا 42 سالہ تجربہ ان کی مہارت کا ثبوت ہے اور وہ امریکی پابندیوں کی فہرست اور امریکہ کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ ایرانی دفاعی صنعت کے ماہر اور ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن کے سابق سربراہ کو اس اہم ذمہ داری کے لیے بھاری اکثریت سے منتخب کرنا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ایران امریکی دھمکیوں اور پابندیوں سے مرعوب ہونے والا نہیں اور اپنی دفاعی طاقت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔







