ہم تمہارے اگلے احمقانہ فیصلے کے لمحات گن رہے ہیں، اگلی دھاڑ ناقابل روک ہوگی، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے سربراہوں کو براہ راست خبردار کیا ہے کہ ایران ان کے اگلے احمقانہ فیصلے کے لمحات گن رہا ہے اور کسی بھی نئی غلط فہمی کا جواب ماضی سے کہیں زیادہ سخت، مختلف اور تباہ کن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : انگلی ٹریگر پر ہے، ایرانی فوج ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، نائب سربراہ ایرانی فوج
اتوار کے روز جاری اپنے پیغام میں میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ گزشتہ جنگوں میں تم اسلامی جمہوریہ کا تختہ الٹنے، ایران کو تقسیم کرنے اور ملک کو تباہ کرنے کے نعروں کے ساتھ میدان میں اترے تھے، لیکن آج تم خود زوال اور شکست سے دوچار ہو جبکہ طاقتور ایران پوری استقامت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تم اپنے نعروں پر عمل کرنے کی صلاحیت رکھتے تو اب تک کر چکے ہوتے۔
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ امریکی صدر اب بوڑھا ہو چکا ہے اور اپنی نشست سے اٹھنے کی طاقت بھی نہیں رکھتا۔ امریکی معاشرہ اور مقبوضہ علاقوں کے باسی بخوبی جانتے ہیں کہ تمہیں سنگین اور بنیادی کمزوریوں کا سامنا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ دشمن رہبر معظم انقلاب، ایرانی قوم، حکام اور اسلامی ایران کی طاقتور مسلح افواج کے عزم و ارادے کو بارہا آزما چکا ہے، اور جس آزمائش کا نتیجہ پہلے سے معلوم ہو اسے دہرانا غلطی ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہم تمہارے احمقانہ فیصلوں کے لمحات گن رہے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ اگلی دھاڑ کہیں زیادہ قریب، کہیں زیادہ تباہ کن اور ناقابل روک ہوگی۔







