سعودی فضاؤں کی حفاظت کے لیے ٹائفون طیارے بھیجیں گے، برطانوی وزارت دفاع
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج کے بڑھتے ہوئے جوابی حملوں سے خوفزدہ آل سعود کی مدد کے لیے برطانیہ نے سعودی عرب میں اپنی فوجی موجودگی میں مزید اضافے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق شاہی فضائیہ کے ٹائفون لڑاکا طیارے سعودی فضائی حدود میں دفاعی گشت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ینبع میں آرامکو، شیبہ آئل فیلڈ اور ریاض ایئرپورٹ پر حملے، یمنی مسلح افواج
برطانوی وزارت دفاع نے منگل کے روز جاری بیان میں کہا کہ یہ طیارے سعودی شہروں اور اہم قومی تنصیبات کو فضائی حملوں سے بچانے کے مشن انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کو ایک اے 400 ایم ٹرانسپورٹ طیارہ اور فوجی مشیر بھی فراہم کیے جائیں گے، جبکہ سعودی فضائی کارروائیوں کے لیے فضا میں ایندھن بھرنے کی برطانوی معاونت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
لندن کا دعویٰ ہے کہ یہ طیارے دفاعی کردار ادا کریں گے اور یمن پر حملے نہیں کریں گے، تاہم برطانوی وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ نے اپنے بیان میں سعودی عرب کو اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملک میں پہلے سے موجود برطانوی ساز و سامان اور اہلکاروں پر مبنی معاونت کا تسلسل ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ ستمبر میں بھی سعودی عرب کو فضا میں ایندھن بھرنے والا طیارہ فراہم کر چکا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے شہری علاقوں پر سعودی جارحیت اور یمن کا محاصرہ بدستور جاری ہے۔ سعودی فضائی کارروائیوں کو ایندھن کی فراہمی جاری رکھنا اور آل سعود کی فضاؤں کی حفاظت کے لیے لڑاکا طیارے بھیجنا اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ مغربی طاقتیں یمنی عوام کے خلاف جارحیت میں سعودی رجیم کی براہ راست پشت پناہی کر رہی ہیں۔







