دنیا کو طاقت اور مصلحتوں سے بالاتر انصاف کی ضرورت ہے، محسنی اژہ ای
محسنی اژہ ای
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژہ ای نے نئی دہلی میں برکس کے رکن ممالک کے عدالتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ ایسے انصاف کی ضرورت ہے جو انتخابی نہ ہو اور اقوام کے حقوق کا تعین ان کی طاقت یا سیاسی مصلحتوں کی بنیاد پر نہ کرے۔
انہوں نے قانون کی حکمرانی کو معاشرے میں نظم اور ترقی کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ برکس ایک اہم اقتصادی و سیاسی اتحاد کے طور پر نئے منصفانہ عالمی نظام کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے برکس ممالک کے درمیان تجارتی تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کے مشترکہ فریم ورک، معتبر مراکز کے قیام اور ماہر ثالثوں کی تربیت کی تجویز بھی پیش کی۔
مزید پڑھیں : فلسطینیوں کی نسل کشی عالمی اخلاقی بحران ہے، ڈاکٹر حمید شہریاری
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانونی اداروں کو عام شہریوں کے قتل اور بین الاقوامی جرائم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے ایران پر کی گئی جارحیت کا ذکر کیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہریوں اور رہائشی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے برکس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ایران کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی مذمت کریں اور جارحیت پسندوں کو روکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی دائرۂ اختیار کو استعمال کرتے ہوئے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکبین کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔







