ایرانی آئل ٹینکر پر امریکی حملہ؛ او آئی سی میں ایرانی مشن کی شدید مذمت
او آئی سی
شیعیت نیوز : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں ایران کے مشن نے خلیج فارس میں ایرانی آئل ٹینکر پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، او آئی سی میں ایرانی مشن نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی آئل ٹینکر پر اس بزدلانہ حملے کو ‘درست نشانہ’ اور ‘پیشہ ورانہ مہارت’ قرار دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مشن نے واضح کیا کہ نہتے تجارتی جہاز پر حملہ کوئی ایسا کارنامہ نہیں جس پر فخر کیا جا سکے یا جس کی تعریف کی جائے۔
مزید پڑھیں : غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی؛ 8 عرب و اسلامی ممالک کی صیہونی مؤقف کی شدید مذمت
ایرانی مشن نے اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ اگر شہری اہداف کو نقصان پہنچانے والے واقعات کو محض ‘غلطی’ قرار دیا جاتا ہے تو میناب کے اسکول، لامرد کے اسپورٹس کلب اور کوہستک کی شادی کی تقریب پر ہونے والے خونی حملوں کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ بیان میں کہا گیا کہ سینٹ کام کا بیان ایران کے خلاف ہونے والی تمام جارحیت کی ذمہ داری قبول کرنے کے مترادف ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ اپنی سہولت کے مطابق کبھی کسی حملے کو درست نشانہ قرار دیتا ہے اور جب شہریوں کو نقصان پہنچتا ہے تو اسے غلطی کہہ کر نظر انداز کر دیتا ہے۔ ایرانی مشن نے زور دیا کہ انسانی جانوں اور شہری تنصیبات کے حوالے سے امریکہ کا یہ منافقانہ اور دوہرا معیار اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔







