غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی؛ 8 عرب و اسلامی ممالک کی صیہونی مؤقف کی شدید مذمت
شیعیت نیوز : آٹھ عرب و اسلامی ممالک نے فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے بے دخل کرنے کے حوالے سے غاصب صیہونی حکومت کے مذموم مؤقف کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، قطر اور مصر نے واضح کیا ہے کہ غزہ فلسطینی سرزمین کا جدا ناپذیر حصہ ہے اور مغربی کنارے سمیت فلسطینیوں کی وحدت اور یکجہتی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
ان ممالک کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ غاصب اسرائیلی حکام کے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق بیانات بین الاقوامی قوانین اور بالخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو فلسطینی عوام کے جائز اور ناقابلِ سلب حقوق کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
مزید پڑھیں : امریکی پابندیوں سے نمٹنے کیلیے ایرانی ٹاسک فورس قائم
ان آٹھ عرب و اسلامی ممالک نے سخت خبردار کیا ہے کہ تل ابیب کی جانب سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی اپیلوں کو سرکاری پالیسی میں تبدیل کرنا یا انہیں ہمیشہ کے لیے بے دخل کرنے کے عملی اقدامات کرنا انتہائی خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تل ابیب کی جانب سے نئی آبادیاتی یا جغرافیائی صورتحال مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔







