آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی جانب سے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے علاقائی نمائندگان نامزد
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے ملک بھر میں وفاق کے انتظامی و تعلیمی امور کو مزید بہتر اور منظم انداز میں انجام دینے کے لیے مختلف علاقوں سے جید علمائے کرام کو اپنا نمائندہ نامزد کر دیا ہے۔ ان اہم نامزدگیوں کا بنیادی مقصد نئے مدارس کی رجسٹریشن، امتحانی نظام کی شفافیت اور دیگر متعلقہ امور میں بہتری لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انسان کے کردار اور اعمال میں اس کے آثار نمایاں ہونے چاہئیں: مولانا محمد زکاء الحسن
تفصیلات کے مطابق، آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی جانب سے نامزد کیے گئے نمائندگان میں کراچی سے مولانا سید فیاض حسین نقوی اور مولانا مہدی علی دانش، جنوبی پنجاب سے مولانا موسیٰ رضا جسکانی اور مولانا سید حسین رضا نقوی، وسطی پنجاب سے مولانا سید حسین نجفی اور مولانا جابر علی خان، شمالی پنجاب سے مولانا اصغر یزدانی اور مولانا ممتاز حسین بھڈوال، سکردو سے مولانا محمد جواد حافظی جبکہ گلگت سے مولانا شیخ مرزا علی شامل ہیں۔
یہ تمام نامزد علمائے کرام اپنے اپنے علاقوں میں صدر وفاق المدارس کی نمائندگی کرتے ہوئے نئے مدارس کی رجسٹریشن اور امتحانی نظام کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ، یہ نمائندگان اپنے علاقوں میں درپیش ممکنہ مسائل سے آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کو بروقت آگاہ کرنے اور ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر معاونت فراہم کرنے کے بھی پابند ہوں گے۔ انہیں صدر وفاق المدارس کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے اپنے متعلقہ علاقوں میں تنظیمی و تعلیمی دورے کرنے کا مکمل اختیار بھی تفویض کیا گیا ہے۔







