انسان کے کردار اور اعمال میں اس کے آثار نمایاں ہونے چاہئیں: مولانا محمد زکاء الحسن

05 ستمبر, 2026 11:06

شیعیت نیوز : مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری، گھلواں علی پور میں نماز جمعہ کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس کی امامت فاضل حوزہ علمیہ قم اور پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن نے انجام دی۔

خطبۂ جمعہ کے پہلے حصے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہما السلام کے کلماتِ حکمت بالخصوص نہج البلاغہ کی حکمت نمبر 417 کی روشنی میں تقویٰ کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقویٰ انسان کی دینی اور اخلاقی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور یہ صرف زبانی دعوے کا نام نہیں، بلکہ انسان کے کردار، اعمال اور روزمرہ معاملات میں اس کے آثار نمایاں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انسان کی حقیقی اصلاح اسی وقت ممکن ہے جب وہ اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بنائے۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ سید مرید حسین نقوی اور علامہ سید محمد حسن نقوی کا جامعہ علمیہ امام حسن عسکریؑ کا دورہ

خطبۂ جمعہ کے دوسرے حصے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت، شخصیت اور اخلاقِ حسنہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب معاشرہ مختلف اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا شکار ہے، سیرتِ رسول اکرم (ص) سے رہنمائی حاصل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔ آپؐ کی سیرت محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ عملی زندگی کا مکمل سرچشمہ ہے۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے اپنے خطبے کے اختتام پر واضح کیا کہ ایک صالح معاشرے کی تشکیل صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ اس کے لیے اچھے اخلاق، باہمی احترام، اور دوسروں کے حقوق کی ادائیگی بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شرکائے نماز کو تلقین کی کہ وہ تقویٰ اور سیرتِ نبویؐ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنا کر اپنے کردار اور معاشرے کی اصلاح میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

12:00 شام ستمبر 5, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔