شادی کی تقریب پر امریکی حملہ دہشت گردی ہے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، میجر جنرل احمد وحیدی

04 ستمبر, 2026 08:37

شیعیت نیوز : سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے گزشتہ روز صوبۂ ہرمزگان کے شهرستان سیریک کے علاقے کوہستک میں ایک شادی کی تقریب پر امریکی افواج کے فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کے روز جاری کیے گئے اپنے ایک اہم پیغام میں انہوں نے اس جارحیت میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر ان چیف نے اس مجرمانہ کارروائی کو امریکی حکومت کا دہشت گردانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا، جس کا بنیادی مقصد ایرانی قوم کی زندگی سے خوشی و مسرت ختم کرنا اور بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا تھا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے مخاطب ہوتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان مظلوم شہداء کا پاک خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور اس جارحیت کے ذمہ داروں اور اسے انجام دینے کے احکامات دینے والوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ سے 18 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا منصوبہ، ایتامار بن گویر کا نیا شوشہ

میجر جنرل وحیدی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی اور دیگر مسلح افواج ان عزیزوں اور اسلامی ایران کی سربلندی کے لیے جان قربان کرنے والے دیگر شہداء کے خون کی حرمت کے حقیقی محافظ ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ملک میں ہر قیمت پر امن و سلامتی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی پرزور اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ سرکاری ذرائع کے مطابق بندر کوہستک کے ایک رہائشی مکان پر ہونے والے اس امریکی حملے میں اب تک ایک چار سالہ بچے سمیت چار ایرانی شہریوں کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب، ہرمزگان کے گورنر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور اس واقعے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور صریح جنگی جرم قرار دیا۔

9:44 صبح ستمبر 4, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔