سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 اہم دہشت گرد گرفتار
کالعدم سپاہ صحابہ
شیعیت نیوز : سی ٹی ڈی سندھ نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم سپاہ صحابہ کے دو اہم دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عمر فاروق اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد اپنے کمانڈر کی خصوصی ہدایت پر افغانستان سے کراچی پہنچے تھے، جہاں انہیں شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ یہ ملزمان رینجرز اور پولیس کے اہم مقامات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ افسران کی ریکی کر رہے تھے اور تمام حاصل شدہ معلومات اپنے کمانڈر کو فراہم کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 دہشت گرد جہنم واصل
ترجمان کے مطابق، ملزمان سے برآمد ہونے والے ہینڈ گرنیڈز کمانڈر کی ہدایت پر دوسرے ساتھی کے حوالے کیے جانے تھے، جنہیں شہر کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کا خطرناک منصوبہ تھا۔ تاہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے اس مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
گرفتار دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوسو سبسٹنس ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کی مشترکہ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔







