سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 دہشت گرد جہنم واصل
سی ٹی ڈی
شیعیت نیوز : ضلع لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ٹارگٹڈ کارروائی رات کی تاریکی میں تھانہ سٹی کی حدود میں کی گئی، جس کی قیادت ڈی ایس پی لکی مروت نے کی۔
اس اہم آپریشن میں ایس ایچ او سٹی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ولیج کونسل بیگو خیل کی مقامی امن کمیٹی کے ارکان نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس پارٹی نے مؤثر جوابی فائرنگ کرتے ہوئے موقع پر ہی دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کالعدم لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد جہنم واصل، 2 فرار
ابتدائی شناخت کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کا نام مبشر ولد اسلم خان ہے، جو ریاست مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے متعدد سنگین مقدمات میں سی ٹی ڈی بنوں کو انتہائی مطلوب تھا۔ حکام کے مطابق مارے گئے اس دہشت گرد پر قتل، اقدامِ قتل اور بم دھماکوں سمیت 4 مختلف مقدمات درج تھے، جبکہ دوسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس کامیاب کارروائی پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پی نے عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔







