انسانی اسمگلنگ میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے 5 ملزمان گرفتار
شیعیت نیوز : سندھ رینجرز اور ضلع ویسٹ پولیس نے سرجانی کے علاقے میں ایک مشترکہ اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ ملزمان بلوچستان کے علاقے حب سے غیر قانونی افغان باشندوں کو کراچی منتقل کرنے کے دھندے میں ملوث تھے اور انہیں حب میں عارضی رہائش بھی مہیا کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران ان ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور ایک سوزوکی لوڈر گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں سی ٹی ڈی نے آپریشنز کے دوران کالعدم سپاہ صحابہ کے 8 دہشت گرد گرفتار
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے منگھو پیر، بند مراد، سرجانی اور نادرن بائی پاس کے کچے اور غیر روایتی راستے استعمال کرتے تھے، جبکہ نقل و حمل کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مدد بھی لی جاتی تھی۔ تحقیقات کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ فی خاندان کراچی منتقلی کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے وصول کرتے تھے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران 230 کے قریب غیر قانونی تارکینِ وطن کو حب سے کراچی اسمگل کر چکے ہیں۔
ترجمان رینجرز نے یہ بھی واضح کیا کہ اسی طریقہ کار پر کام کرنے والا ایک گروہ ماضی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو بلوچستان سے کراچی منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرتا رہا ہے۔ کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے گرفتار نیٹ ورک کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔






