کسی بھی فوجی خطرے کا بروقت اور انقلابی جواب دیا جائے گا، میجر جنرل علی عبداللہی
میجر جنرل علی عبداللہی
شیعیت نیوز : ایرانی مسلح افواج کے سربراہ اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر، میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی روایتی یا نئے فوجی خطرے کا بروقت، انقلابی اور مؤثر جواب دینے کے لیے ملکی صلاحیتوں اور باصلاحیت نوجوانوں پر انحصار ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایرانی فضائی دفاع کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی کے نام اپنے ایک اہم پیغام میں کہا کہ فضائی دفاعی فورس کو جارحانہ دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ایک مربوط، فعال اور پیشگی دفاعی نیٹ ورک تشکیل دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں شادی کی تقریب پر امریکی حملہ جنگی جرم ہے، یمن کی قومی انسانی حقوق کمیٹی
میجر جنرل عبداللہی نے خصوصی ہدایت کی کہ تمام نگرانی، ریڈار اور میزائل دفاعی تہوں کو ایک ایسے ذہین اور مضبوط نظام سے منسلک کیا جائے جو ممکنہ خطرات کو زیادہ سے زیادہ دور کے فاصلے پر ہی شناخت، روکنے اور بے اثر کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے ملکی دفاعی نظام کو مقامی بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں مزید ذہین بنانے اور الیکٹرانک و سائبر جنگی نظام کی تعیناتی کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے الیکٹرانک اور سائبر جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے، فعال بازدارندگی برقرار رکھنے، اور اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید دفاعی تکنیک سے پوری طرح واقف کمانڈروں اور اسٹاف کی تیاری کو یقینی بنایا جائے، جبکہ دیگر مسلح افواج اور خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ استوار کیا جائے۔
اپنے پیغام کے آخر میں میجر جنرل عبداللہی نے فضائی دفاع کے عظیم شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فورس کی موجودہ شاندار صلاحیتیں دراصل سابق رہبرِ انقلاب کی بصیرت افروز ہدایات پر عمل درآمد اور موجودہ رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی توقعات کو پورا کرنے کے نتیجے کے طور پر حاصل ہوئی ہیں۔







