بحرین میں امریکی اڈے پر ایرانی فوج کا خودکش ڈرونز سے حملہ، ‘آپریشن صاعقہ’ کا 29واں مرحلہ
ایرانی مسلح افواج
شیعیت نیوز : ایرانی آرمی کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی علاقوں پر دشمن کی جارحیت کے جواب میں ‘آپریشن صاعقہ’ کے 29ویں مرحلے کے دوران بحرین میں واقع شیخ عیسی اڈے پر امریکی فوج کی ریڈار تنصیبات اور فوجیوں کے اجتماع کے مراکز کو بڑی تعداد میں خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی بیلسٹک میزائلوں کا براہِ راست اور تباہ کن حملہ
بیان کے مطابق شیخ عیسی اڈا خلیج فارس کے خطے میں امریکہ کے انتہائی اہم اور حساس فوجی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس اڈے پر ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے پرزہ جات کی مرمت و دیکھ بھال کی جاتی ہے، جبکہ یہاں جاسوسی طیارے بھی ہمہ وقت موجود رہتے ہیں جنہیں اس حملے میں ہدف بنایا گیا ہے۔
ایرانی فوج نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ اس نے دشمن کی حالیہ کارروائیوں کا وسیع اور فیصلہ کن جواب دیا ہے۔ فوج کی جانب سے مزید خبردار کیا گیا ہے کہ خطے میں جارح امریکی قوتوں سے سخت انتقام لینے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا دینے کا یہ سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔







