سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کالعدم لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد جہنم واصل، 2 فرار

01 ستمبر, 2026 11:42

شیعیت نیوز : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشن اور وفاقی حساس ادارے نے خدا داد کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا۔ اس دوران ہونے والی دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد مارا گیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق، سی ٹی ڈی سول لائن آپریشن اور وفاقی حساس ادارے کے اہلکاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خداداد کالونی فٹ بال گراؤنڈ کے قریب یہ مشترکہ کارروائی کی۔ اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر سی ٹی ڈی کے افسران و اہلکاروں نے مورچہ بند ہو کر بھرپور جوابی فائرنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں : پولیس اور سی ٹی ڈی کا بڑا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار

اس موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ قانونی کارروائی کے لیے ہلاک دہشت گرد کی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ موقع سے فرار ہونے والے دیگر 2 دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے زخمی حالت میں اپنا نام مطیع بتایا تھا، تاہم اس کی حتمی شناخت کے لیے بائیو میٹرک کا عمل تاحال جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے دیگر اسلحے کے خول اور مارے جانے والے دہشت گرد کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جس کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔

12:38 شام ستمبر 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔