وحدتِ اسلامی کے فروغ میں مسلم خواتین کا کردار فیصلہ کن ہے، ڈاکٹر تسنیم زہراء موسوی

30 اگست, 2026 10:19

شیعیت نیوز : جامعہ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات کی پرنسپل ڈاکٹر تسنیم زہراء موسوی نے ہفتۂ وحدت اور عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر حوزہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم خواتین وحدتِ اسلامی کو مستحکم کرنے میں نہایت اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خاندان کی تربیت کے ساتھ معاشرے کی فکری و اخلاقی تشکیل کرتی ہیں، اور اس حوالے سے حضرت خدیجہ (س)، حضرت فاطمہ (س) اور حضرت زینب (س) کی مبارک زندگیاں خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ عورت دینی، سیاسی اور اجتماعی میدانوں میں بھی امت کی رہنمائی کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر تسنیم موسوی نے زور دیا کہ خواتین قرآن و سنت کو اپنی زندگی کا محور بناتے ہوئے زبان، قلم اور عملی اقدامات کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان اخوت اور محبت کو فروغ دیں۔ انہوں نے پیغام دیا کہ وحدت کا آغاز معاشرے سے نہیں بلکہ انسان کی سوچ، برداشت اور وسعتِ نظر سے ہوتا ہے۔ خواتین چونکہ بچوں کی ابتدائی ذہنی اور جذباتی تربیت کرتی ہیں، اس لیے وہ بچوں کو اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کرنا سکھا کر ایک ایسی نسل تیار کر سکتی ہیں جو تفرقے کے بجائے اتحاد کو ترجیح دے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم امہ کا زوال نظامِ مصطفیٰؐ سے دوری کا نتیجہ ہے، بلتستان یونیورسٹی میں سیرت النبیؐ سیمینار

خصوصی طور پر تعلیمی اداروں سے وابستہ خواتین کی ذمہ داریوں پر بات کرتے ہوئے سیدہ تسنیم زہراء نے کہا کہ ان کا کام صرف نوجوانوں میں علمی قابلیت پیدا کرنا نہیں بلکہ ان کی فکری پختگی اور سماجی برداشت کو پروان چڑھانا ہے۔ طلباء کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ اختلافِ رائے فطری عمل ہے، لیکن اسے نفرت، تعصب اور دشمنی میں تبدیل کرنا ہماری اجتماعی کمزوری بن جاتا ہے۔ منفی رویے انسانوں کو تقسیم کرتے ہیں جبکہ احترام اور مثبت سوچ لوگوں کو قریب لاتی ہے۔

اپنی گفتگو کے آخر میں ڈاکٹر سیدہ تسنیم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وحدتِ اسلامی کی حقیقی بنیاد تربیت یافتہ ذہن اور مثبت کردار ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ گھر، تعلیمی ادارے اور معاشرے میں وحدت کی ثقافت کو فروغ دیں تاکہ ہماری زبان اور تحریر اتحاد کا ذریعہ بنے۔ اس شعوری کوشش سے خواتین نہ صرف آج کے معاشرے میں وحدت پیدا کریں گی بلکہ آنے والی نسلوں کی تربیت بھی اس انداز سے کریں گی کہ وہ ایک مضبوط، متحد اور پرامن امت کی تشکیل کر سکیں۔

11:11 صبح اگست 30, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔