جامعہ مظہر الایمان ڈھڈیال چکوال میں پروقار تقریبِ اسنادِ فراغت، 9 طلباء حوزہ علمیہ نجف اشرف روانہ

13 اکتوبر, 2026 10:56

شیعیت نیوز : جامعہ مظہر الایمان ڈھڈیال، چکوال میں ایک پُروقار علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چار سالہ تعلیمی مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے 9 طلباء کو اسنادِ فراغت سے نوازا گیا۔ یہ خوش نصیب طلباء علومِ دینیہ میں مزید تخصص، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے عالمِ تشیع کے عظیم ترین علمی مرکز حوزۂ علمیہ نجف اشرف (عراق) روانہ ہو رہے ہیں۔

اس پروقار تقریب کا بنیادی مقصد طلباء کی علمی کاوشوں کو سراہنا اور انہیں دینی تعلیم کے کٹھن مگر بابرکت اگلے مراحل کے لیے فکری، اخلاقی اور تربیتی طور پر آمادہ کرنا تھا۔ اس موقع پر جامعہ کے پرنسپل، استاد محترم حجت الاسلام آغا محی الدین کاظم نے طلباء کو خصوصی درس دیا اور علمِ دین کی اہمیت، دینی ذمہ داریوں اور راہِ علم میں اخلاص و استقامت کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں : یمن پر مسلط جنگ آل سعود کے گلے پڑ گئی، سعودی عرب معاشی تباہی کے دہانے پر

آغا محی الدین کاظم نے علمِ دین کو محمد و آلِ محمد (ع) کی ایک عظیم امانت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دینی تعلیم محض علمی مراحل مکمل کرنے یا اسناد حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی بھاری ذمہ داری ہے جس کا تقاضا ہے کہ طالب علم اپنے علم کو کردار سازی، اصلاحِ معاشرہ اور خدمتِ دین کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ طالب علم کا مقصد شہرت یا ذاتی مفادات کا حصول نہیں، بلکہ رضائے الٰہی اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج ہونا چاہیے۔

حوزۂ علمیہ نجف اشرف روانہ ہونے والے طلباء کی خصوصی تربیتی رہنمائی کرتے ہوئے انہوں نے نصیحت کی کہ وہ حوزہ کی عظیم علمی و دینی روایت سے بھرپور استفادہ کریں، اپنے وقت کی قدر کریں، اساتذہ کا احترام ملحوظ رکھیں اور مطالعے، مباحثے اور تحقیق کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی علمی کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

12:02 شام اکتوبر 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔