میانوالی: جامعہ امام خمینی میں ائمہ جمعہ و جماعت کا 5 روزہ تربیتی پروگرام شروع، علامہ افتخار نقوی کا خطاب
شیعیت نیوز : مسجد صاحب الزمان، جامعہ امام خمینی، ماڑی انڈس (میانوالی) میں ائمہ جمعہ و جماعت کی علمی اور فکری صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ 11 سے 15 اکتوبر 2026ء تک جاری رہنے والے اس اہم تربیتی پروگرام میں تجوید و قرأت، حسنِ تلاوت اور روشِ تدریسِ قرآن سمیت دیگر اہم دینی و تربیتی موضوعات پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
پروگرام کی پہلی نشست سے اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن، چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ اور جامعہ امام خمینی کے سربراہ علامہ سید افتخار حسین نقوی نے خصوصی خطاب کیا۔ اس نشست میں ائمہ جمعہ و جماعت اور طلبہ کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کے سابق مفتی اعظم ڈاکٹر محمود الشوبکی کا جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ، علامہ جواد نقوی سے اہم ملاقات
علامہ افتخار نقوی نے قرآن کریم کی مؤثر تدریس اور حسنِ تلاوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ائمہ حضرات اپنی علمی و تدریسی صلاحیتوں کو نکھار کر قرآنی تعلیمات کو معاشرے میں عام کرنے کا فریضہ بخوبی سرانجام دے سکتے ہیں۔ اتحادِ امت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کے درمیان اخوت، رواداری اور یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور ائمہ جمعہ و جماعت اپنے خطبات کے ذریعے اس یکجہتی کو مضبوط کریں۔
علامہ سید افتخار حسین نقوی نے مہدویت کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ امام مہدی علیہ السلام کا حقیقی انتظار محض زبانی دعوے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک عملی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمانۂ غیبت میں دینی رہنماؤں پر فرض ہے کہ وہ عوام کی دینی و اخلاقی تربیت کریں، معاشرے میں بیداری پیدا کریں اور نئی نسل کو کردار سازی کے ذریعے امامِ زمانہ (عج) کے ظہور کے لیے فکری اور عملی طور پر آمادہ کریں۔







