جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں علامہ ملک ظفر عباسؒ کی پہلی برسی، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کی خصوصی شرکت
شیعیت نیوز : پاکستان بالخصوص یورپ میں تعلیماتِ قرآن کریم کے فروغ اور سیرتِ ائمہ اطہار علیہم السلام کی ترویج کے لیے زندگی بھر سرگرم رہنے والے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ملک ظفر عباسؒ کی پہلی برسی جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جس میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطین و لبنان میں مظالم پر عالمی خاموشی تشویشناک ہے، علامہ ساجد نقوی
برسی کے موقع پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ ریفرنس سے مولانا انیس الحسنین خان اور مرحوم کے فرزند مولانا علی عباس نے اظہارِ خیال کیا، جبکہ استاد العلماء آقائے شیخ محمد شفا نجفی اور علامہ شیخ انور علی نجفی نے کلیدی خطابات کیے۔
مقررین نے علامہ ملک ظفر عباسؒ کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی اور طرزِ عمل کو محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کے اندازِ زندگی اور اسلوبِ کار کا آئینہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تعلیماتِ قرآن اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور ان کی خدمات دینی و علمی حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تقریب کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مختصر خطاب کیا اور دعائیہ کلمات ادا کیے۔ نظامت کے فرائض علامہ نقاش الحسنین نے انجام دیے، جبکہ تعزیتی ریفرنس میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور دیگر علاقوں سے علمائے کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔







