خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ غیر جمہوری اور قابل مذمت ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج لگانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر غیر جمہوری طرزِ عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت دراصل عوامی رائے، آئین کی بالادستی، پارلیمانی نظام اور صوبائی خودمختاری کے احترام کا نام ہے اور ایسے غیر معمولی اقدامات سے قبل عوامی مینڈیٹ کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومتی اتحاد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) خود کو جمہوریت کا علمبردار قرار دیتی ہیں، لیکن ان کے دورِ حکومت میں ایسے اقدامات کا اٹھایا جانا ان کے جمہوری دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف نعروں کا نام نہیں بلکہ عملی اقدامات، آئین کی پاسداری اور عوامی حقوق کے تحفظ سے ثابت ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میانوالی: جامعہ امام خمینی میں ائمہ جمعہ و جماعت کا 5 روزہ تربیتی پروگرام شروع، علامہ افتخار نقوی کا خطاب
صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم سندھ نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کا حل طاقت کے استعمال یا انتظامی ہتھکنڈوں کے بجائے مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان عدم اعتماد اور سیاسی کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے کیونکہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے سیاسی بحران کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جائے اور عوامی مینڈیٹ کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔







