ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبیؐ پر پروقار تقریب، امت کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر سید بہار شاہ، نعت خواں سید سعید علی شاہ، حاجی ہدایت اللہ گورشانی، علامہ سیف علی ڈومکی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علمائے کرام اور سادات عظام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت اور امن کا پیغام ہے، جنہوں نے رنگ و نسل کے امتیازات مٹا کر عدل اور بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہفتہ وحدت کا بنیادی پیغام مشترکہ عقائد کی بنیاد پر قریب آنا ہے، اور آج امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ انتشار کے بجائے صرف اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام سرگودھا میں علمی و تبلیغی ورکشاپ کا انعقاد، مبلغین کی کثیر شرکت
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام مسلمانوں کا مشترکہ وطن ہے، اس لیے ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرتے ہوئے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی (ص) محض جشن نہیں بلکہ سیرتِ مصطفیٰ (ص) کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کا عہد ہے، جبکہ فرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والے عناصر دراصل امت کے اجتماعی مفاد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
تقریب کے دوران علامہ سیف علی ڈومکی اور سید سعید علی شاہ نے بارگاہِ رسالت (ص) میں عقیدت کے پھول پیش کیے۔ شرکاء نے حضور (ص) سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا عزم ظاہر کیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر جشنِ میلاد النبی (ص)، عالم اسلام کے اتحاد اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔







