مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام سرگودھا میں علمی و تبلیغی ورکشاپ کا انعقاد، مبلغین کی کثیر شرکت

30 اگست, 2026 10:08

شیعیت نیوز : مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام سرگودھا میں جشنِ صادقینؑ اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے ایک اہم علمی و تبلیغی ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ اس میں ضلع سرگودھا کی تحصیلوں بھیرہ، بھلوال، کوٹ مؤمن اور شاہپور سے مبلغینِ امامیہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جبکہ ورکشاپ میں سیرت، فقہ، تجوید اور حالاتِ حاضرہ کے موضوعات پر خصوصی علمی نشستیں ہوئیں۔

دارالعلوم محمدیہ سرگودھا کے مہتمم حجۃ الاسلام ملک نصیر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغِ دین محض احکام کا بیان نہیں بلکہ حکمت کے ساتھ انسان کی فکری اور روحانی تربیت ہے، جو مکتبِ امام جعفر صادقؑ کا بنیادی اصول ہے۔ اسی نشست میں ممتاز قاری مولانا رجائی نے تجویدِ قرآن کی اہمیت بیان کی اور عملی مشقوں کے ذریعے مبلغین کو تجوید کے مختلف قواعد سے روشناس کروایا۔

یہ بھی پڑھیں : رسولِ اعظمؐ اور امام حسینؑ کے جلوسوں کیلئے لائسنس کی شرط افسوسناک ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حجۃ الاسلام سید جاوید حسین شیرازی نے خمس کے فقہی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے تزکیۂ مال اور معاشرتی ضروریات کی تکمیل کا ذریعہ قرار دیا اور مبلغین کو فقہی دقت کے ساتھ مسائل بیان کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں، ڈاکٹر حسن عباس نے استکبار کے خلاف مزاحمت، واقعۂ کربلا اور امامِ امت سید علی خامنہ ای سمیت موجودہ مزاحمتی قیادت کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے نوجوان نسل کو حق و باطل کا شعور دینے پر زور دیا۔

یہ ورکشاپ مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے سہ ماہی تبلیغی سلسلے کی پہلی نشست تھی جس کے فرائضِ نظامت حجۃ الاسلام سرفراز حسینی نے انجام دیے۔ یہ تبلیغی سلسلہ آئندہ چند ہفتوں تک جاری رہے گا، جس کے تحت صوبۂ پنجاب کے 31 اضلاع کے مبلغینِ امامیہ کے لیے مزید علمی و تبلیغی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔

11:11 صبح اگست 30, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔