شانِ رسالت میں توہین ناقابل برداشت، حکومت اسلام آباد سانحے کے متاثرین سے رویہ درست کرے، علامہ شبیر میثمی

30 اگست, 2026 10:00

شیعیت نیوز : حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ڈیفنس کراچی کی مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انسانیت کی رہنمائی کے لیے انبیاء (ع) اور ائمہ معصومین (ع) کا سلسلہ قائم کیا ہے۔ دین میں جبر نہیں بلکہ انسان کو اختیار دیا گیا ہے، اور رسول اکرم (ص) کی سیرت کو مستند منابع اور اہل بیت (ع) کے ذریعے ہی سمجھنا چاہیے تاکہ مقامِ رسالت کی حقیقی معرفت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ شانِ رسالت میں کسی قسم کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا بنیادی عقیدہ ہے کہ انبیاء (ع) اور چودہ معصومین (ع) مقام عصمت پر فائز ہیں، تاہم اصحاب کرام بھی ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ علامہ شبیر میثمی نے خطبے کے دوسرے حصے میں اسلام آباد کے افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں، بالخصوص بچوں کی ماؤں کے ساتھ بعض حکومتی اہلکاروں کے غیر ذمہ دارانہ اور بدتمیزی پر مبنی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصر عباس سے یو اے ای کے سرمایہ کار ڈاکٹر بو عبداللہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر گفتگو

عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے خطیب جمعہ نے کہا کہ مسلمان فلسطین اور لبنان کے مظلوموں کی حمایت سے غافل نہ رہیں اور سوشل میڈیا کو مؤثر ذریعہ بناتے ہوئے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ظالم کو اپنے انجام کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عالمی سطح پر جاری کشیدگی، جنگوں اور پابندیوں کا سب سے زیادہ نقصان عام انسان اٹھا رہا ہے، لہٰذا دنیا خاموش تماشائی بننے کے بجائے انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

خطبے کے آخر میں علامہ شبیر حسن میثمی نے مومنین سے خصوصی اپیل کی کہ اسکول کھلنے کے بعد ایسے مستحق بچوں کی بھرپور مالی مدد کی جائے جو تعلیمی اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اپنے رشتہ داروں اور محلوں میں ضرورت مند بچوں کی تلاش کریں یا پھر مستحق طلباء کی تعلیم کے لیے کوشاں اداروں کے ساتھ دل کھول کر تعاون کریں۔

10:47 صبح اگست 30, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔