سیرتِ رسول (ص) پر عمل ہی حقیقی کامیابی ہے، حکومت گلگت بلتستان کے آئینی حقوق دے، آغا سید باقر الحسینی

29 اگست, 2026 14:27

شیعیت نیوز : انجمن امامیہ بلتستان پاکستان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے مرکزی جامع مسجد اسکردو میں نماز جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہفتہ وحدت اور ولادتِ صادقین (ع) کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم (ص) کی پوری زندگی ہمارے لیے بہترین اسوہ حسنہ ہے، اور آپ (ص) کا اخلاق، صبر اور معافی و درگزر قیامت تک انسانیت کے لیے ہدایت کا عظیم سرچشمہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ محبت رسول (ص) اور محبتِ اہل بیت (ع) کا حقیقی ثبوت محض زبانی دعوؤں میں نہیں بلکہ ہمارے عملی کردار، برداشت اور حسنِ سلوک میں ظاہر ہونا چاہیے۔ آغا باقر الحسینی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ہمیں معمولی باتوں پر غصہ کرنے کے بجائے سیرتِ محمدی (ص) سے درس لیتے ہوئے رواداری اور اخوت کو اپنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ بشیر نجفی سے ویٹیکن کے سفیر کی ملاقات، عالمی امن و بقائے باہمی پر زور

حکمرانوں اور صاحبِ اقتدار افراد کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر جگہ طاقت کا اندھا استعمال مسائل کا حل نہیں ہوتا، بلکہ حکومت کو چاہیے کہ حکمت، تحمل اور عفو و درگزر سے کام لے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اختیار اور طاقت اللہ کی دی ہوئی امانت ہے، اور امت محمدی (ص) ہونے کا تقاضا ہے کہ حکمرانوں سمیت ہر فرد کا طرزِ عمل سیرتِ رسول (ص) کا آئینہ دار ہو۔

اپنے خطاب کے آخر میں آغا سید باقر الحسینی نے گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ علاقے کے آئینی، قانونی اور بنیادی حقوق کے دیرینہ مطالبات کو محض سیاسی مسئلہ نہ سمجھا جائے بلکہ عوام کے جائز حقوق کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر عملی اقدامات کیے جائیں۔

3:23 شام اگست 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔