سندھ بھر میں اہلِ سنت برادران کے میلاد جلوسوں کا بھرپور استقبال کریں گے، علامہ حیات نجفی

26 اگست, 2026 09:09

شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ حیات عباس نجفی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کے حکم پر سندھ بھر میں ’ہفتۂ وحدت‘ بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر اہلِ سنت برادران کے جلوس ہائے عید میلاد النبی (ص) کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ شیعہ اور سنی کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کبھی امت کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ علامہ حیات نجفی نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اختلافِ رائے کو علمی حدود تک محدود رکھیں اور تکفیر، نفرت اور اشتعال انگیزی سے سختی سے اجتناب کرتے ہوئے محبتِ رسول (ص) کی بنیاد پر امت کو متحد کریں۔

یہ بھی پڑھیں : سیرتِ طیبہؐ شعور، محبت اور معاشرتی ذمہ داریوں کا درس دیتی ہے، علامہ امین شہیدی

پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر نے کراچی کے گھمبیر بنیادی مسائل پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاشی شہ رگ کے شہریوں کو پانی، بجلی، ٹوٹی سڑکوں، اور اسٹریٹ کرائم جیسے عذاب سے نجات دلانے کے لیے سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں اور بلدیاتی اداروں کو مکمل بااختیار بنایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران امن کے قیام پر ہم سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہیں، تاہم امن کے نام پر کسی بھی مکتبِ فکر کی مذہبی آزادیوں کو محدود کرنا ہرگز قبول نہیں۔ اس اہم پریس کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، کاظم عباس سمیت دیگر سرکردہ رہنما بھی موجود تھے۔

10:24 صبح اگست 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔