رہبرِ شہید کی فکر میں توحید انفرادی و اجتماعی زندگی کی بنیاد ہے، کراچی میں علمی نشست سے مقررین کا خطاب

11 اکتوبر, 2026 12:46

شیعیت نیوز : جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں ”رہبرِ شہید کے منظومۂ فکری میں توحید کا مقام“ کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر جواد حیدر ہاشمی نے کہا کہ عقیدۂ توحید کے موضوع پر رہبرِ شہید انقلابِ اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی کتب اور افکار سے استفادہ نہایت اہم ہے، کیونکہ ان کی گفتگو کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ توحید محض ایک نظریاتی عقیدہ نہیں بلکہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کی بنیاد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رہبر شہید کی قربانی نے عالم اسلام کو مقاومت، استقامت اور ولایت کا پیغام دیا، علامہ سید ظہیر الحسنین شیرازی

مولانا جواد حیدر ہاشمی نے کہا کہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک تمام انبیائے کرام کی دعوت کا محور اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور بندگی تھا، اور ان کی جدوجہد کا مقصد انسان کو غیر اللہ کی بندگی سے نکال کر اللہ کی حقیقی بندگی کی طرف لانا تھا۔ انہوں نے حدیثِ نبوی «قُلْ آمَنْتُ بِاللّٰهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایمان لانا اہم ہے مگر خواہشات، مفادات اور معاشرتی دباؤ کے مقابلے میں اس ایمان پر ثابت قدم رہنا ہی حقیقی استقامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی توحید انسان کی سوچ، کردار اور فیصلوں میں تبدیلی لاتی اور اسے عدل و انصاف کے قیام، حق کی حمایت اور دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کی طرف لے جاتی ہے، لہٰذا ایک توحیدی معاشرے میں بھی عدل، انسانی حقوق اور الٰہی ہدایت کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔ سورۂ جاثیہ کی آیت «أَفَرَأَيْتَ مَنِ اتَّخَذَ إِلَٰهَهُ هَوَاهُ» کی روشنی میں انہوں نے کہا کہ خواہشات کی پیروی بھی توحید کے منافی ہے، جبکہ سورۂ توبہ کی آیت 31 کے حوالے سے واضح کیا کہ اللہ کے احکام کے مقابلے میں کسی کی بات کو غیر مشروط طور پر قبول کرنا بھی بندگی کے حقیقی مفہوم کے خلاف ہے۔

مولانا ڈاکٹر جواد حیدر ہاشمی نے طلباء پر زور دیا کہ دینی تعلیم کا مقصد محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ ان تعلیمات کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا ہے، اس لیے عقیدۂ توحید کو صرف کتابوں، مباحث اور تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے اپنے فیصلوں، اخلاق اور معاشرتی کردار میں نمایاں کیا جائے۔

2:07 شام اکتوبر 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔