سعودی جارحیت جاری، تعز میں رہائشی عمارت اور صعدہ کے سرحدی علاقے پر آل سعود کے جنگی طیاروں کے حملے
شیعیت نیوز : یمن پر سعودی رجیم کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ رات آل سعود کے جنگی طیاروں نے صوبہ تعز کے ضلع الشمایتین کے علاقے التربہ کے مرکز میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : یمنی میزائل حملوں کے سلسلے کے دوران ریاض ایئرپورٹ پر دھماکہ، ہوائی اڈہ خالی، پروازیں معطل
یمنی ذرائع کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے تعز کے ضلع حیفان میں الزربی روڈ پر دو فضائی حملے کیے، جبکہ صوبہ صعدہ کے سرحدی ضلع الظاہر پر میزائل حملہ کیا گیا۔ اس سے قبل صعدہ کے ضلع مجز اور صعدہ شہر پر چھ سعودی فضائی حملے کیے گئے اور ضلع سحار پر راکٹ فائر کیے گئے۔ ان حملوں میں جانی نقصان کی فوری اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ رواں برس جولائی سے یمن میں جنگ میں شدت آئی ہے اور یمنی مسلح افواج سعودی رجیم کی جارحیت اور فضائی محاصرے کے جواب میں سعودی عرب کے اندر اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں۔







