استعمار نے ہمیشہ آزادی کے نام پر نوجوان نسل کو مذہب سے دور کرنے کی کوشش کی، علامہ اشفاق وحیدی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما اور اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ کے چیئرمین علامہ اشفاق وحیدی نے کہا ہے کہ استعمار نے ہمیشہ آزادی کے نام پر نوجوان نسل کو مذہب سے دور کرنے کی کوشش کی ہے، اس لیے نوجوانوں میں دینی شعور اور اسلامی تعلیمات سے آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے اسلام شناسی، دینی تعلیم اور تربیتی پروگراموں کا فروغ ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
ملک کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل اور ملکی استحکام کے لیے تمام طبقات کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کا مسلسل سلسلہ ملک کو کمزور کر رہا ہے، لہٰذا سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، حکومت ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائے تاکہ باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے قومی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کی دینی و علمی تربیت کے لیے حکومتی سطح پر جامع پروگرام تشکیل دیے جائیں اور عوام کو مساوی حقوق کی فراہمی کے لیے انصاف اور برابری پر مبنی پالیسیاں بنائی جائیں۔
عالمی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ جن خطوں پر جنگ مسلط کی گئی ہے وہاں امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ متعدد ممالک کے معاشی بحرانوں کی بڑی وجہ مسلط کردہ جنگیں ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنگوں کو ہوا دینے والی پالیسیوں کا خاتمہ کر کے طاقت کے بجائے مذاکرات، انصاف اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے۔







