نمازِ شب دنیا و آخرت کی کامیابی کی کنجی ہے، شیخ میثم جعفری
شیخ میثم جعفری
شیعیت نیوز : 9 ربیع الاول، آخری حجتِ خدا حضرت امام مہدی علیہ السلام کے آغازِ امامت اور تجدیدِ عہد کے پرمسرت موقع پر، جامع مسجد سکردو میں خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ میثم جعفری نے عبادات اور بالخصوص نماز کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کی حقیقی کامیابی مادی ترقی میں نہیں بلکہ خالقِ کائنات کی بندگی میں پوشیدہ ہے، کیونکہ نماز انسان کو دنیاوی غفلتوں سے نکال کر تقویٰ، اخلاص اور کردار کی پاکیزگی کی جانب لے جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقتصادی جنگ جاری رہی تو ایک قطرہ تیل برآمد نہیں ہونے دیں گے، محسن رضائی
مولانا شیخ میثم جعفری نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ سفرِ آخرت کو آسان بنانے کے لیے رات کے وقت اللہ تعالیٰ سے راز و نیاز اور ‘نمازِ شب’ کو زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے علامہ طباطبائی (رہ) کی وہ مشہور نصیحت بھی بیان کی جسے رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ) بھی نقل فرماتے تھے کہ "دنیا چاہیے تو بھی نمازِ شب پڑھو اور آخرت چاہیے تو بھی نمازِ شب بجا لاؤ۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ تنہائی میں پروردگار کے حضور جھکنے سے انسان کے اندر عاجزی اور بردباری پیدا ہوتی ہے، جو ایک صحت مند اور اخلاق یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔







