امریکی حکام کا گلگت بلتستان کا خفیہ دورہ بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے، کاظم میثم

07 اکتوبر, 2026 19:34

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے امریکی اعلیٰ حکام کے گلگت بلتستان کے خفیہ اور پراسرار دورے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ ان حساس ایام میں حساس ترین خطے میں امریکی حکام کا یہ دورہ کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کو تاراج کرنے اور ایران و لبنان پر جنگ مسلط کرنے والے سامراج سے خیر کی توقع رکھنے والے یا تو ان کے آلہ کار ہیں یا احمق ہیں۔

کاظم میثم نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے اور اس کی توسیع پسندانہ، جارحانہ اور ظالمانہ پالیسیوں کے بعد حکومتِ پاکستان کو اس کی دوستی سے خوف کھانا چاہیے۔ گلگت بلتستان جیسے حساس مقامات پر امریکیوں کو کھلی چھوٹ دینا خود پاکستان کی سالمیت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم وطن عزیز اور گلگت بلتستان کی مٹی سے غداری نہیں کر سکتے اور عالمی دہشت گرد ملک کی رعونت کے آگے یہ قوم کبھی سر نہیں جھکائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاراچنار: طوفان الاقصیٰ کی مناسبت سے ’حمایت مستضعفین جہان‘ پریس کانفرنس، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان

انہوں نے گلگت بلتستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو آگاہ کرے کہ ایسی کون سی مجبوری تھی جس کے سبب امریکیوں کو اس حساس خطے کا دورہ کرانا ناگزیر ہوا۔ کاظم میثم نے کہا کہ امریکہ گلگت بلتستان میں پنجے گاڑنا چاہتا ہے، اس کی نگاہیں دیوسائی، سکردو ایئرپورٹ اور محض دس قدم کے فاصلے پر موجود سی پیک اور چین پر ہیں۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ ڈالرز کی حرص میں عالمی قاتلوں کو خفیہ دورے نہ کرائے جائیں کیونکہ ماضی میں بھی امریکیوں کی پراسرار نقل و حرکت کے بعد افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور گلگت بلتستان کو عالمی معرکوں کا میدانِ جنگ نہ بننے دے۔

8:23 شام اکتوبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔