پاکستان کا یمن جنگ میں کودنا ایک اور پرائی جنگ کا ایندھن بننے کے مترادف ہے، راجہ سعد خان کا انتباہ
یمن جنگ
شیعیت نیوز : معروف تجزیہ کار راجہ سعد خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان یمن کی جنگ میں کود پڑا تو یہ ایک اور پرائی جنگ ہوگی جس کا ایندھن پاکستان بنے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اس حماقت کے نتیجے میں ایک نیا دشمن پیدا ہوگا جو کسی بھی وقت کراچی پر میزائل داغ سکتا ہے، اور پھر مجبوری میں ہمیں اعلان کرنا پڑے گا کہ یہ ہماری جنگ ہے۔
اپنے ایک اہم بیان میں راجہ سعد خان نے ماضی کی تلخ یادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل امریکہ نے روس اور طالبان کے خلاف جنگیں شروع کیں اور ہم نے انہیں ‘اپنی جنگ’ قرار دے دیا۔ یمن ایک ایسی دلدل ہے جس سے نکلنا ناممکن ہو جائے گا، تاہم انہیں یقین ہے کہ پاکستان ایسی حماقت نہیں کرے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ افغان جنگ میں سعودی عرب نے پاکستان کی کوئی مدد نہیں کی، بلکہ اس کے برعکس سعودی کمپنیاں زلمے خلیل زاد کے ہمراہ کابل جا کر طویل مدتی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی غفلت کا بڑا نتیجہ، ایف-35 لڑاکا طیارے کے حساس پرزے چین کے ہاتھ لگ گئے
راجہ سعد خان نے مکہ اکارڈ کے حوالے سے زور دیا کہ یہ معاہدہ کسی بھی صورت میں مسلمان ممالک یا غیر مسلم دوست ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کل ترکی کا چین سے جھگڑا ہو جائے تو کیا ہم ترکی کا ساتھ دیں گے؟ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ عقل کے ناخن لیں اور عربوں کو بھی سمجھائیں کہ وہ خطے میں مزید بربادی پھیلانے سے اجتناب کریں۔







