امام جمعہ بغداد آیت اللہ سید یاسین موسوی کا استکباری قوتوں کے خلاف سخت انتباہ، محور مقاومت کی بھرپور حمایت
آیت اللہ سید یاسین موسوی
شیعیت نیوز : بغداد کے ممتاز عالم دین اور امام جمعہ آیت اللہ سید یاسین موسوی نے 21 اگست 2026 کے خطبہ جمعہ میں واضح کیا ہے کہ عراق کا موجودہ بحران حکمرانوں کی نااہلی اور قومی مفادات پر ذاتی مراعات کو ترجیح دینے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام جمعہ کی ذمہ داری صرف خامیاں گنوانا نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل اور استکباری سازشوں کے خلاف مضبوط و مؤثر مؤقف اپنانا ہے۔
انہوں نے عراق کی ابتر معاشی صورتحال، بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ آیت اللہ موسوی نے واضح کیا کہ بعض سیاسی دھڑوں کا امریکہ پر انحصار انتہائی تشویشناک ہے اور مظلومین کی حامی قومی و مقاومتی قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن یا گرفتاریوں کی باتیں عراق کی خودمختاری کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دینِ خدا کی سربلندی اور مظلومین کی حمایت کے لیے شہدائے اسلام کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، علامہ مقصود ڈومکی
خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امام جمعہ بغداد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی اور غاصب صیہونی ریاست کی جارحیت کا بھرپور ذکر کیا۔ انہوں نے اس حق و باطل کی کشمکش میں عراق کی نام نہاد ’’غیر جانب داری‘‘ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنازعہ خطے میں صیہونی عزائم کے پھیلاؤ کا نتیجہ ہے، لہٰذا عراق کو محورِ مقاومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ امریکی دباؤ سے نکل کر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں، بصورت دیگر موجودہ روش ملک کو مزید خطرناک بحرانوں میں دھکیل دے گی۔







