امامیہ آرگنائزیشن بلتستان کی نشست میں ڈاکٹر عنایت بابر کی خدمات کو خراج تحسین
شیعیت نیوز : امامیہ آرگنائزیشن پاکستان بلتستان کے مفتی جعفر حسینؒ یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ پندرہ روزہ حسینی مطالعاتی نشست میں مرحوم ڈاکٹر عنایت بابر کی بلتستان میں انسانیت کے لیے انجام دی گئی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ آرگنائزیشن بلتستان کے سینئر ترین رکن حاجی مسلم حسین نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر عنایت بابر نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور بلتستان کے عوام ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام اقبال شناسی پر علمی نشست
انہوں نے ڈاکٹر عنایت بابر کی اچانک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے بلتستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ حاجی مسلم حسین نے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
نشست کے شرکاء نے بھی مرحوم کی انسانی خدمات کو سراہا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ایسی شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں۔







