غزہ اور جبالیا پر صیہونی حملے، اونروا کے ملازم سمیت چار فلسطینی شہید
شیعیت نیوز : غاصب صیہونی فوج نے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز غزہ شہر اور جبالیا کیمپ میں مختلف حملوں میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی اونروا کے ایک ملازم سمیت چار فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق اونروا کے ملازم عادل الحلو شمالی غزہ کے جبالیا کیمپ کے علاقے التوبہ میں کنویں نمبر 4 کے قریب اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران صیہونی فضائی حملے میں شہید ہوئے، جبکہ اس حملے میں ایک اور فلسطینی زخمی ہوا۔ شہید کا جسد خاکی الشفاء میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں الوداعی رسومات کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر صیہونی حملہ، تین امدادی کارکن شہید
دوسری جانب صیہونی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں انصار چوک کے قریب ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی خلیل صبحی کحیل (35 سال)، رائد جمال المصری (38 سال) اور احمد الزہارنہ (28 سال) شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر شمالی غزہ میں جبالیا کے مغربی علاقوں میں قابض فوج کی جانب سے گھروں اور خیموں پر فائرنگ سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ غزہ کے عوام پہلے ہی شدید سردی، بے گھری اور بنیادی ضروریات کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ غاصب اسرائیل کے مسلسل حملوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔







