عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا ایک تاریخی کامیابی اور قومی فتح ہے، مہدی المشاط
مہدی المشاط
شیعیت نیوز : یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے عراق کی سرزمین سے امریکی اور دیگر غیر ملکی فوجیوں کے انخلا پر عراقی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس اہم اور فیصلہ کن واقعے کو ایک تاریخی کامیابی، قومی فتح اور عراقی عوام کی بے مثال مزاحمت کا ثمر قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن پر سعودی رجیم کی جارحیت دراصل امریکی ایجنڈا ہے، انصار اللہ رہنما محمد البخیتی
مہدی المشاط نے عراق پر امریکا کے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری غاصبانہ قبضے اور تسلط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ تاریخی اقدام دراصل عراقی عوام اور مجاہدین کی مزاحمت، عظیم قربانیوں اور طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے، جو ان کی مکمل حاکمیت و آزادی کے حصول کے بنیادی حق کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ یمنی رہنما نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم آزادی اور عزت کے حصول کی راہ میں عراقیوں کی قربانیوں کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے شہداء، زخمیوں اور مجاہدین کو سلام اور شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ جنگ نے بدھ کے روز باضابطہ طور پر عراق سے اپنے غاصب فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا تھا، جسے خطے سے امریکی تسلط کے خاتمے اور محاذ مقاومت کی ایک بڑی فتح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔







