دینِ خدا کی سربلندی اور مظلومین کی حمایت کے لیے شہدائے اسلام کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : عالمی استکبار امریکہ، غاصب صیہونی ریاست اور ان کے آلہ کار تکفیریوں کے خلاف عظیم استقامت کی علامت، رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (رہ) کی شہادت کے 40 روز مکمل ہونے پر جیکب آباد کی مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں ایک پروقار اور عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی و مقاومتی اجتماع میں عاشقانِ ولایت اور مومنین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے مظلومینِ جہاں کی حمایت اور محورِ مقاومت کے ساتھ تجدیدِ عہد کیا۔
تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رہبرِ شہید (رہ) کی حیاتِ طیبہ دینِ خدا کی سربلندی، تعلیماتِ قرآن اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کی حقیقی پیروی میں گزری۔ وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سچے عاشق اور امتِ مسلمہ کے درمیان وحدت و اخوت کے عظیم علمبردار تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہید رہبر نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کو فروغ دے کر امریکہ، اسرائیل اور ان کی پروردہ ناصبی و تکفیری قوتوں کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا اور امت کو دشمن کے مقابل سیسہ پلائی دیوار بننے کا پیغام دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران ہمہ گیر جنگ کی زد میں ہے، لیکن دشمنوں کی سازشیں دم توڑ چکیں، ایرانی صدر
علامہ مقصود علی ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی رہبرِ شہید (رہ) کا آفاقی پیغام دنیا بھر کے مستضعفین اور مظلوموں کے لیے امید کی کرن، مزاحمت اور نجات کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عید میلاد النبی (ص) اور ہفتۂ وحدت کے پرمسرت موقع پر ہم شہیدِ مقاومت کے افکار کی روشنی میں اتحادِ بین المسلمین کا پرچم بلند رکھیں گے، اور کلعدم سپاہ صحابہ و لشکر جھنگوی جیسے استکباری مہروں اور تکفیری عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری برادر اللہ بخش میرالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رہبرِ شہید (رہ) کی مجاہدانہ زندگی اور مظلومانہ شہادت نے امتِ مسلمہ کو غفلت کی نیند سے بیدار کر دیا ہے۔ ان کے پاکیزہ افکار، بے مثال کردار اور اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف جرات مندانہ استقامت انہیں تاریخ میں ہمیشہ زندہ و تابندہ رکھے گی۔
آئی ایس او کے ضلعی صدر اظہار الحسن نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ شہید (رہ) نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین آئیڈیل اور نمونۂ عمل ہیں۔ ان کی پوری زندگی قرآن و اہل بیت (ع) سے تمسک، اتحادِ امت اور عالمی استعمار کے ستائے ہوئے مظلومین کی دادرسی سے عبارت تھی۔ تقریب کے آخر میں شرکاء نے شہیدِ ولایت کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور ان کی عظیم دینی، ملی اور انقلابی کاوشوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مقاومت کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔







